افواجِ پاکستان کی ناقابلِ تسخیر بہادری اور پاکستانی قوم کے ناقابلِ شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، ہارون اختر خان

افواجِ پاکستان کی ناقابلِ تسخیر بہادری اور پاکستانی قوم کے ناقابلِ شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، ہارون اختر خان

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج جب ہم 2025 کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کی فتح کی سالگرہ منا رہے ہیں، ہم افواجِ پاکستان کی ناقابلِ تسخیر بہادری اور پاکستانی قوم کے ناقابلِ شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔اتوار کو جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جب آزمائش کی گھڑی آئی تو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عظیم قیادت میں ہماری مسلح افواج فولادی دیوار بن کر کھڑی رہیں۔انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈے اور شور میں دشمن شاید زیادہ تھا، مگر ایمان، نظم و ضبط اور جرات میں ہماری افواج بے مثال رہیں۔

انہوں نے بے مثال عزم کے ساتھ پاکستان کے وقار اور عزت کا دفاع کیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدم قیادت میں ہماری افواج نے بہادری اور شجاعت کی ایسی داستان رقم کی جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔ بحران کے وقت پُرسکون، قیادت میں مضبوط، اور مقصد میں غیر متزلزل رہتے ہوئے انہوں نے قوم کے لیے خطرے کی گھڑی میں صفِ اول سے قیادت کی۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہر پاکستانی کو یاد دلاتا ہے کہ جب تک یہ قوم ایمان، جرات اور مقصد میں متحد رہے گی، دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔