نو مئی کے مجرم ناقابل معافی ہیں،ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، گورنر خیبر پختونخوا

نو مئی کے مجرم ناقابل معافی ہیں،ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نو مئی کے مجرم ناقابل معافی ہیں ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے،معرکہ حق کے سلسلے میں تقریبات جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پخہ غلام پشاور میں پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک سعید کی رہائش گاہ پر ہلال احمر کے زیر انتظام میڈیکل کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک سعید، ابرار سعید سواتی ، ہلال احمر کے چیئرمین فرزند علی وزیر ، ڈویژنل صدر مصباح الدین اور دیگر راہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ نو مئی کے کیسز کے فیصلے جلد ہونے چاہیے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور اس کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتکاری کو سراہا جا رہا ہے اور آج دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تیل مختلف ذرائع سے درآمد ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔

سی این جی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ لوکل ٹرانسپورٹ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات ضروری ہیں اور سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، سی این جی، فاٹا پاٹا ٹیکس اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی پوزیشن میں نہیں۔ بجلی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ اپنا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا تیل، تمباکو اور بجلی پیدا کر رہا ہےلیکن ان وسائل کو موثر انداز میں اجاگر نہیں کیا جا رہا۔ امن و امان کی صورتحال پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ جرگہ ایک مثبت قدم ہے، تاہم وزیراعلیٰ کو ریاستی اداروں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اسلام آباد میں کوئٹہ شوروم کے مالک کے قتل کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں خیبر پختونخوا پولیس نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اسلام آباد پولیس کو چاہیے کہ اچھا کام کرنے والوں کو اس کا کریڈٹ دیا جائے۔