ملتان۔ 28 اپریل (اے پی پی):جنرل منیجر سوئی گیس ملتان احمد جواد خاکوانی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں جیت ہمارے لئے باعث فخر اور خوشی کا مقام ہے،جس میں پاکستان نے بزدل دشمن بھارت کو شکست سے دوچار کیا ۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم پرجوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج قوم کا فخر ہیں اور انہوں نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی کو بھرپور انداز میں منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں جیت پر پاکستان کا عالمی سطح پروقار بلند ہوا ہے ۔جنرل منیجر سوئی گیس نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تاہم اگر اس کی خودمختاری اور دفاع کو چیلنج کیا گیا تو افواج پاکستان دشمن کو ہر بار منہ توڑ جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔