لاہور۔28اپریل (اے پی پی):وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں منگل کے روز یہاں اجلاس منعقد ہوا ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام احمد اور اربن یونٹ حکام ،پراجیکٹ سروے کوارڈی نیٹر اربن یونٹ حسنین امتیاز، سینئر سپیشلسٹ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ڈاکٹر رانا حماد حسن، آئی سی ٹی پلز پلرا عمر فاروق، سینیئر پروگرام مینیجر اربن یونٹ سعد سلیم بیگ و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق اجلاس میں ماورا سروے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ دریائے ستلج اور دریائے سندھ کے اطراف سروے کا دوسرا فیز جاری ہے۔
اجلاس میں اربن فلڈنگ و ریورائن سیلاب سے نمٹنے، گزشتہ سال کے نقصانات اور آئندہ تیاریوں کا تفصیلی بھی جائزہ لیا گیا ۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے سیلاب سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری کر رہی ہے، پنجاب میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تقریبا 50 ارب روپے کی لاگت سے 100 فیصد ازالہ کر چکے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے پلرا اور اربن یونٹ کو سروے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ورکنگ گروپ کو اس حوالہ سے اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے آئندہ مون سون سیزن سے قبل ڈی سلٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاویدنے کہا کہ متوقع ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور شہریوں میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے،
اربن یونٹ اور پیلرا کے تعاون سے دریاوں کے اطراف آبادیوں کا سروے پر پیش رفت برق رفتاری سے جاری ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا مینجمنٹ اور ارلی وارننگ کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام جاری ہے۔