اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے یومِ عالمی ثقافتی ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں اپنی شناخت، تاریخ اور ثقافتی جڑوں سے مضبوط تعلق قائم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے ہفتہ کو جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ وادی سندھ کی عظیم تہذیب سمیت صدیوں پر محیط روایات، اقدار اور تاریخی ورثے کا امین ہے جو ہماری قومی پہچان کا اہم حصہ ہے۔ ہماری زبانیں، فنونِ لطیفہ اور روایات نہ صرف ہماری ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ہمیں دنیا میں منفرد مقام بھی عطا کرتے ہیں۔
وزیرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے نئی نسل کو اپنی ثقافت اور تاریخ سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے ورثے کی قدر کو سمجھ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا نہایت اہم ہے تاکہ دنیا ہماری تاریخ، روایات اور ثقافتی تنوع سے آگاہ ہو سکے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر وجیہہ قمر نے قوم سے اپیل کی کہ مل کر اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی ہماری طاقت ہے — آئیے اسے محفوظ بنائیں اور آئندہ نسلوں تک منتقل کریں‘‘۔