سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں کے بعد اندرونی سیاسی اختلافات کافی پیچھے رہ گئے ہیں، طارق فضل چوہدری

سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں کے بعد اندرونی سیاسی اختلافات کافی پیچھے رہ گئے ہیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):‏وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر جو کامیابیاں ملی ہیں اس کے بعد اندرونی سیاسی اختلافات کافی پیچھے رہ گئے ہیں۔بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب مذاکرات کا پہلا رائونڈ ہوا تو ہم نے واضح طور پر کہا تھا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس میں کوئی ناکامی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کے سفارتی کردار کو پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔

سفارتکاری جاری رہنے والا عمل ہے، یہ کسی ایونٹ کا نام نہیں ہے، اس کے نتیجے میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل متحرک ہیں اور مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا لیکن پچاس فیصد سے زائد امکانات ہیں کہ مذاکرات کا اگلا دور بھی اسلام آباد میں ہوگا۔