اسلام آباد سے پہلی حج پرواز 19 اپریل کو روانہ ہوگی، ‘روٹ ٹو مکہ’ کے تحت عازمین دوہری امیگریشن سے مستفید ہوں گے

اسلام آباد سے پہلی حج پرواز 19 اپریل کو روانہ ہوگی، ‘روٹ ٹو مکہ’ کے تحت عازمین دوہری امیگریشن سے مستفید ہوں گے

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت سے حجازِ مقدس کے لئے ‘مقدس سفر’ کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے ہونے جا رہا ہے، جب اسلام آباد کے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔

اگرچہ ملک گیر فلائٹ آپریشن کا پہلا مرحلہ 18 اپریل سے شروع ہوگا تاہم اسلام آباد کے لئے اتوار19 اپریل کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں سے ہزاروں عازمین ایک منفرد اور ڈیجیٹل سفری تجربے کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے روانہ ہونے والے پہلے قافلے کو الوداع کہنے کے لئے ایئرپورٹ پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور سیکرٹری وزارت مذہبی امور عازمین کو رخصت کریں گے۔

یہ تقریب پاک سعودی بھائی چارے اور عازمین کے لئے فراہم کردہ عالمی معیار کی سہولیات کی عکاسی کرے گی۔رواں سال اسلام آباد سے 129 پروازوں کے ذریعے 29 ہزار 900 عازمین حج ‘روٹ ٹو مکہ’ کے تحت “ڈبل امیگریشن” (پاکستانی اور سعودی) کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔

عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں مکمل ہو نے کے بعد جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ پر ان کا گھنٹوں کا انتظار ختم ہو جائے گا۔سعودی عرب پہنچنے پر عازمین بغیر کسی لائن کے براہِ راست بسوں تک پہنچیں گے جبکہ ان کا سامان ایک جدید لاجسٹک سسٹم کے تحت براہِ راست ان کے ہوٹل کے کمروں تک پہنچایا جائے گا۔

سرکاری سکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزارعازمین میں سے اسلام آباد کا حصہ نمایاں ہے جہاں سے 129 خصوصی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ یہ آپریشن مئی کے وسط تک جاری رہے گا جس میں پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز سمیت دیگر نجی فضائی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور نے اسلام آباد سے جانے والے عازمین کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کم از کم 4 گھنٹے قبل ائیر پورٹ پہنچیں تاکہ ‘روٹ ٹو مکہ’ کے تحت بائیو میٹرک اور امیگریشن کے مراحل کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جا سکے۔ عازمین کی رہنمائی کے لئے ‘پاک حج’ موبائل ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جہاں سے وہ اپنی پرواز اور رہائشی بلاک کی تازہ ترین معلومات حاصل کر سکتے ہیں