ایران امریکا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، افتخار علی ملک

ایران امریکا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، افتخار علی ملک

لاہور۔12اپریل (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے پائیدار حل کے لیے پاکستان کی امن پر مبنی مخلصانہ کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔

اتوار کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے،جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تنائو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فعال سفارتکاری اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا ہے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کی قیادت نے سفارتی ذرائع کو موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے تحمل،بردباری اور مذاکرات کے فروغ پر زور دیا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ان کوششوں سے نہ صرف پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہوا ہے بلکہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر اس کی ساکھ بھی مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور تصادم کے بجائے مکالمے کی مستقل حمایت کو عالمی برادری نے سراہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقدامات نے ایک نہایت حساس خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دی ہے،جس سے بامعنی مذاکرات اور دیرپا استحکام کی راہ ہموار ہوئی ہے۔