چینی سفارت خانے کا ایچ ای سی کے اشتراک سے پاک۔چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر طلبہ کی مقابلہ جاتی سرگرمیوں کا اعلان

چینی سفارت خانے کا ایچ ای سی کے اشتراک سے پاک۔چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر طلبہ کی مقابلہ جاتی سرگرمیوں کا اعلان

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اشتراک سے پاک۔چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر طلبہ کے لیے مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) نے زیر تعلیم طلبہ کو دو اہم مقابلوں، مضمون نویسی اور شارٹ ویڈیو مقابلے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔مضمون نویسی کے مقابلے کے لیے طلبہ کو پاک۔چین دوستی، دو طرفہ تعاون کی کہانیاں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مستقبل جیسے موضوعات پر انگریزی زبان میں مضامین تحریر کرنے ہوں گے۔ مضامین کی حد دوہزار الفاظ مقرر کی گئی ہے جبکہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہے۔ ہر شعبہ صرف ایک بہترین مضمون نامزد کر سکے گا اورچربہ سازی (پلیجرزم) کی صورت میں ایچ ای سی کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

این سی اے کے ایک عہدیدار کے مطابق شارٹ ویڈیو مقابلے کے لیے طلبہ کو تین منٹ دورانیے پر مشتمل ویڈیوز تیار کرنا ہوں گی جن کے موضوعات میں پاک۔چین دوستی کے 75 سال، چینی کہانیاں اور نوجوانوں کے درمیان تعاون شامل ہیں۔ طلبہ کو اسکرپٹ رائٹنگ، ویڈیو پروڈکشن اور ڈبنگ کے لیے چینی مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ٹولز کے استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ویڈیوز کو گوگل ڈرائیو ، ون ڈرائیو کے ذریعے متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کے توسط سے جمع کرانا ہوگا اور ہر شعبہ صرف ایک ویڈیو نامزد کرے گا۔ ویڈیو مقابلے کے لیے آخری تاریخ 15 جون مقرر کی گئی ہے۔دونوں مقابلوں میں موصول ہونے والی انٹریز کا قومی سطح پر جائزہ ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں قائم مشترکہ پاک۔چین کمیٹی لے گی۔ مزید معلومات کے لیے طلبہ ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، نومیرا عادل کے دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ مقابلے نیشنل کالج آف آرٹس کے زیر تعلیم طلبہ کے لیے مخصوص ہیں۔