زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات قابل ستائش ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات قابل ستائش ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں،اس دن کے موقع پر ہمیں برداشت، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘ پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد دیتا ہوں،حضرت عیسیٰؑ کی مقدس تعلیمات آج بھی لاکھوں افراد کے لیے مشعلِ راہ ہیں جو ہمیں ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی ترغیب دیتی ہیں جو برائیوں سے پاک ہو اور جہاں غریبوں اور محروم طبقات کے ساتھ ہمدردی اور شفقت کا برتاؤ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں خصوصاً تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت کے میدانوں میں ان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔آئیے اس دن کے موقع پر ہم برداشت، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کریں اور اپنے پیارے ملک کے امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں، مسیحی برادری کو پُرامن اور خوشیوں بھرا ایسٹر مبارک ہو۔