اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر معروف سماجی شخصیت ملک اخلاق احمد کے انتقال پر اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے ان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر گئے اورمرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملک اخلاق احمد کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک دل، مخلص اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے اپنی زندگی سماجی خدمات اور فلاحی کاموں کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ سیدال خان ناصر نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی سماجی خدمات اور انسانیت کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔