چیئرمین سینیٹ کی آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

چیئرمین سینیٹ کی آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر سرمد علی کے بطور صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی کے بطور سینئر نائب صدر، شہاب زبیری کے بطور نائب صدر، محمد اطہر قاضی کے بطور سیکرٹری جنرل، محسن بلال کے بطور جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کے بطور فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی نئی قیادت پر اراکین کا اعتماد اس امر کی عکاسی ہے کہ وہ اخباری صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب ٹیم اخباری صنعت کو درپیش معاشی اور پیشہ ورانہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذمہ دار اور باخبر میڈیا نہ صرف جمہوری اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ قومی مکالمے کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان آزادی صحافت کے تحفظ اور میڈیا کے ادارہ جاتی استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے نو منتخب قیادت کی کامیابی اور ملک میں معیاری صحافت کے فروغ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔