اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):سیف سٹی اسلام آباد نے پولیس فیسلی ٹیشن سینٹرز کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجے میں عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی ممکن ہوئی اور مارچ 2026 کے دوران 18,000 سے زائد رجسٹریشنز مکمل کی گئیں۔ منگل کے روز ایک اہلکار نے ’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اس ماہ سیف سٹی کے مربوط ڈیجیٹل نظام کی مدد سے 14,000 سے زائد کرایہ داری (ٹیننسی) رجسٹریشنز اور 4,000 سے زائد ملازمین کی رجسٹریشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دستاویزات کے نظام کو بہتر بنانا، سکیورٹی نگرانی کو مضبوط کرنا اور وفاقی دارالحکومت میں ریکارڈ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کی تکنیکی معاونت سے پولیس فیسلی ٹیشن سینٹرز میں رجسٹریشن کا عمل نہایت آسان، تیز اور شہریوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بن گیا ہے۔ اہلکار کے مطابق یہ اقدامات ایک وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا، ڈیٹا انضمام کو بہتر کرنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام کرایہ داروں اور ملازمین کی بروقت تصدیق میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے جو جرائم کی روک تھام اور مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور شہریوں کو مؤثر خدمات فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔