پاکستان کے انٹیگریٹڈ ون امپیکٹ کمیونٹی پلیٹ فارم کا باضابطہ اجراء کر دیا گیا

پاکستان کے انٹیگریٹڈ ون امپیکٹ کمیونٹی پلیٹ فارم کا باضابطہ اجراء کر دیا گیا

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیرِ مملکت ڈاکٹر مختار احمد ملک کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کے انٹیگریٹڈ ون امپیکٹ کمیونٹی پلیٹ فارم کا باضابطہ اجراء کر دیا گیا۔ یہ پلیٹ فارم ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے تحت قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد تپِ دق (ٹی بی)، ایچ آئی وی اور ملیریا سے متعلق خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا اور کمیونٹی کی شمولیت کو مضبوط بنانا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ایک جامع، مؤثر اور عوام دوست صحت کے نظام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب بھی متعدی بیماریوں خصوصاً ٹی بی کے بڑے بوجھ کا سامنا ہے جبکہ ایچ آئی وی اور ملیریا پر قابو پانے میں بھی چیلنجز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان سرکاری سطح پر حساس اور مزاحمتی دونوں اقسام کی ٹی بی کا مفت علاج فراہم کر رہی ہے تاہم آگاہی کی کمی، علاج میں تاخیر اور صحت کے نظام تک رسائی میں مشکلات کے باعث مسائل برقرار ہیں۔

ڈاکٹر مختار احمد ملک نے کہا کہ ون امپیکٹ پلیٹ فارم ان رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا کیونکہ یہ صحت سے متعلق معلومات، سہولیات تک رہنمائی اور عوامی آراء کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام میں یکجا کرتا ہے۔ اس کے ذریعے مریض قریبی طبی مراکز تلاش کر سکیں گے، دستیاب خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے اور درپیش مسائل کی نشاندہی بھی کر سکیں گے جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا خدمات کو یکجا کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور جدت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل صحت کے حل میں مریضوں کی شمولیت، آگاہی، ذہنی صحت کے پہلو اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیرِ مملکت نے شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہوئے سٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ کی عالمی سطح پر قیادت اور ڈوپاسی فاؤنڈیشن کی پاکستان میں اس پلیٹ فارم کے فروغ کے لئے کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرامز کی خدمات کو بھی سراہا جو کمیونٹی سطح پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفت ادویات اسی وقت جانیں بچاتی ہیں جب لوگوں کو معلوم ہو کہ کہاں جانا ہے، علاج کیسے حاصل کرنا ہے اور مشکلات کی صورت میں کس سے رجوع کرنا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ون امپیکٹ پلیٹ فارم ان خلا ء کو پر کرے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارتِ قومی صحت خدمات، قواعد و ضوابط و رابطہ اسلم غوری نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بنیادی صحت کی سہولیات تک منصفانہ رسائی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وزارت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر فرد تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انٹیگریٹڈ ون امپیکٹ کمیونٹی پلیٹ فارم کا اجراء کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، شفافیت بڑھانے اور ملک بھر میں معیاری طبی سہولیات تک بروقت رسائی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔