آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پولیس ملازمین و اہلخانہ سے ملاقات

آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پولیس ملازمین و اہلخانہ سے ملاقات

لاہور۔30مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے پیر کو لاہورسنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے لیڈی جونیئر کلرک نادیہ امانت کی ٹرانسفر کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ ڈرائیور کانسٹیبل فاروق احمد کی اہلیہ کی سرکاری رہائش کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل اختر رسول کی پی کیڈر سکیم کے تحت پروموشن کی درخواست بھی ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ اے ایس آئی سید حسن رضا کی بیٹی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ریٹائرڈ سب انسپکٹر شبیر احمد کی درخواست پر بھی سی سی پی او لاہور کو احکامات جاری کیے گئے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس موقع پر ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔