راولپنڈی۔29مارچ (اے پی پی):راولپنڈی پولیس کی جانب سے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو چیک کرنے اور انہیں سکیورٹی ڈیوٹی کے حوالے سے بریفنگ دینے میں مصروف ہیں۔ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جڑواں شہروں میں خصوصی پکٹس قائم کر کے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
سی پی او نے ہدایت کی ہے کہ گرجا گھروں میں داخلے کو مکمل باڈی سرچنگ کے بعد یقینی بنایا جائے جبکہ ڈیوٹی پر مامور افسران الرٹ رہتے ہوئے گرد و نواح کے ماحول اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ عبادت کے لیے آنے والے افراد کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے راولپنڈی پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔