کوئٹہ۔ 10 اپریل (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 10 اپریل 1973 پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا سنہرا اور یادگار دن ہے جب قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مدبرانہ اور ولولہ انگیز قیادت میں قوم کو پہلا متفقہ اور جمہوری آئین نصیب ہوا، یہ ایسا مضبوط عمرانی معاہدہ ہے جس نے قومی یکجہتی کو فروغ دیا۔ جمعے کو ایک بیان میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ آئین نے وفاق کو مستحکم بنایا اور عوام کے بنیادی حقوق کو آئینی تحفظ فراہم کیا،یہ آئین درحقیقت عوامی امنگوں کا ترجمان اور جمہوری اقدار کی روشن علامت ہے ۔
انھوں نے کہا کہ آئین کی بحالی اور اس کے تحفظ کے لیے شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں جیالوں نے بے مثال اور تاریخ ساز قربانیاں پیش کیں، ان عظیم قربانیوں نے جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا اور آج بھی یہ ہمارے لیے مشعلِ راہ اور عزم و حوصلے کا سرچشمہ ہیں۔ نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ ان کا پختہ یقین ہے کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کا تسلسل ہی پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی آئین کے تحفظ اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔