اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام پاکستان (یو این ڈی پی) نے بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایک خصوصی مطالعاتی و آگاہی دورے کا اہتمام کیا جس کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیوں، پائیدار ترقی اور انسانی بہبود کے مختلف پہلوئوں سے روشناس کرانا تھا۔ یو این ڈی پی پاکستان کے مطابق اس دورے کے دوران طلبہ کو ادارے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، پالیسی اقدامات اور عملی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیشن میں شمولیتی ترقی، انسانی حقوق، ماحولیاتی و سماجی استحکام، لچکدار معاشروں کی تشکیل اور نوجوانوں کے کردار جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
طلبہ نے یو این ڈی پی کے ماہرین اور حکام کے ساتھ مکالمے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو زیادہ پائیدار، مساوی اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے نوجوانوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ترقیاتی عمل میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے طلبہ کو عملی تجربات اور عالمی ترقیاتی اہداف سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یو این ڈی پی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے، شمولیتی ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔