یوم تکبیر قومی وقار ، خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

یوم تکبیر قومی وقار ، خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ یوم تکبیر قومی وقار ، خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے ۔

یوم تکبیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب وطنِ عزیز نے ایٹمی دھماکے کر کے اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس تاریخی کامیابی میں محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور اُن کی پوری ٹیم کی بے مثال محنت، صلاحیت اور قربانیوں کا کردار ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا،ڈاکٹر اے کیو خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی زندگی وطن کے نام کر دی۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اُس وقت کے وزیرِاعظم محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور بیرونی طاقتوں کی تمام تر دھمکیوں کے باوجود قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا جراتمندانہ فیصلہ کیا اور پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔

آج ہم اپنے عظیم سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو طاقت، عزت اور وقار کی نئی پہچان دی۔

اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت، مضبوط اور ترقی یافتہ رکھے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنی پوسٹ میں یوم تکبیر، 28 مئی، ڈاکٹر اے کیو خان،نواز شریف اور پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگز بھی شیئر کئے۔