اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دشمن کے خوابوں کی شکست اور قوم کی جیت کا دن ہے،پوری قوم کو اس روز ازلی دشمن کےخلاف معرکہ حق میں شاندار کامیابی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
جمعرات کو یوم تکبیر کے موقع پر جاری پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے ہوئے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، یہ کامیابی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے جوہری ویژن کا تسلسل ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ عالمی دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کی، شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام دے کر پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودداری ، سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہے،۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان آج ذمہ دار اور پرامن نیوکلیئر ریاست ہے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مشن کے وارث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر صرف تاریخ نہیں ہمارا دفاعی مستقبل بھی ہے، دنیا کو پیغام مل چکا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر ہونے والے ہر حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم شہدا کے مشن کے محافظ ہیں،اپنی جانیں دیں گے لیکن وطن عزیز پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے