اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور قومی وقار کی علامت ہے۔ جمعرات کو یوم تکبیر کے موقع پر وزارت ریلوے سے جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 28 مئی 1998 کوسابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے بھارتی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ناقابلِ شکست قوت بنایا، اس تاریخی فیصلے نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر اور قوم کے سر کو فخر سے بلند کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں آج پاکستان کو جوسٹریٹجک اہمیت حاصل ہے اُس کی بنیاد یومِ تکبیر کے جرات مندانہ فیصلے نے رکھی، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم یومِ تکبیر کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام نے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا،پاکستان ذمہ دار، پُرامن اور مضبوط ایٹمی ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یومِ تکبیر قوم کے اتحاد، دفاعی استحکام اور خود اعتمادی کی تجدید کا دن ہے،قوم اپنے سائنس دانوں، انجینئرز اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری اور طاقت کے ساتھ اپنا دفاع یقینی بنایا ،مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہیں،سائبر وارفیئر، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون دفاع مستقبل کی جنگوں کے اہم عناصر ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ انشاءاللہ سبز ہلالی پرچم قیامت تک سربلند رہے گا