لاہور۔19مئی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، دفاعی طاقت اور قومی وقار کی علامت ہے ، پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن قائم ہوا، اگر پاکستان ایٹمی صلاحیت حاصل نہ کرتا تو بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کی کوشش کرتا رہتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں جنرل کیڈرز ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کے حوالے سے منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، سابق وزیر صحت ڈاکٹر سعید الہٰی، ڈاکٹرز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سپیکر نے کہا کہ مودی حکومت اکھنڈ بھارت کے خواب دیکھتی رہی مگر پاکستانی قیادت اور عوام نے ہر موقع پر قومی خودمختاری کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ نسلی اور علاقائی برتری کے بیانیے پر سیاست کرتا آیا ہے ، بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو نقشے سے مٹانے کا بیان انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ جنگوں کے سب سے بڑے مخالف ہیں کیونکہ جنگ بارود، خون اور تباہی لاتی ہے، غزہ کی تباہ حال عمارتیں اور انسانی المیے اس حقیقت کی واضح مثال ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، تاہم اگر کسی نے پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا ایٹمی جنگ کے خطرات سے بخوبی آگاہ ہے اور ایک ایٹمی دھماکہ پورے شہر کو تباہ کرسکتا ہے جس کے اثرات نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔
انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ ایٹمی صلاحیت کو صرف دفاع، امن اور خطے کے استحکام کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمسایہ ملک اس کی آزادی اور خودمختاری کو دل سے تسلیم نہیں کرتا، اگر کبھی خودمختاری اور زندگی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو پاکستانی قوم ہمیشہ خودمختاری کا انتخاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر، معرکہ حق اور قومی دفاع کے تمام تاریخی دن قوم کو بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں سرحدوں کی اہمیت کم ہوچکی ، اسی لیے حکومت میڈیکل کالجز اور جامعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ نوجوان بیرونِ ملک جانے کے بجائے پاکستان میں رہ کر ترقی کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ڈگریوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ مکالمہ، تحقیق اور تنقیدی سوچ کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم نے کہا کہ ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمارا وطن پاکستان ہے اور افواجِ پاکستان ہمیشہ دفاعِ وطن کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ سابق وزیر صحت ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ 28 مئی نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا اور آج یہ دنیا میں عزت اور وقار کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی واپس وطن آنے کے لیے بے تاب ہیں کیونکہ اپنے ملک جیسا سکون دنیا میں کہیں اور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور دیگر قومی قیادت نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا جبکہ تمام دبائو اور خطرات کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا گیا۔