یورپی یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں ’’جشن معرکہ حق‘‘اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے حوالے سے شاندار تقریب

یورپی یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں ’’جشن معرکہ حق‘‘اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے حوالے سے شاندار تقریب

بارسلونا۔10مئی (اے پی پی):یورپی یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے زیر اہتمام بارسلونا، سپین میں ’’جشن معرکہ حق‘‘اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کی تکمیل کے حوالے سے ایک تاریخی اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

سپین میں پاکستان کے سفارتخانے سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق یہ تقریب یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا جا رہا ہے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیری برادری اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

شرکا پاکستان اور کشمیر کے بڑے بڑے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قد آور تصاویر بھی نمایاں تھیں۔

فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغہ خدمت) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 2025ء میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔

انہوں نے پاکستان کی بہادر افواج خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے 8 لڑاکا طیارے مار گرائے۔ پاکستان نیوی کی بہادر افواج نے اپنی شاندار حکمت عملی کے ذریعے دشمن کے جہازوں کو ہزاروں میل دور رکھا۔

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے تاہم اگر مستقبل میں کسی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی توپاکستان کی بہادر افواج بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔تقریب کی صدارت یورپی یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے صدر کامران خان نے کی جبکہ یورپی یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پرتگال کے صدر سید قاسم سجاد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔

تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما راجہ حسنین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں مہر افضال آف بزرگوال، چوہدری میاں خان آف ماچھی وال، میاں عاطف نذیر، مہر نواز آف جھنگ، چوہدری قربان مرہانہ، راجہ مدثر بولانی، چوہدری عزیز امرہ، چوہدری سلیم لنگڑیال اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان، کشمیر، قومی یکجہتی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔