ینگ ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی یقین دہانی

ینگ ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی یقین دہانی

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفد نے ملاقات کی جس میں ینگ ڈاکٹرز کو درپیش مختلف پیشہ وارانہ اور انتظامی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفد نے شعبہ صحت میں موجود مسائل خصوصاً سروس سٹرکچر اور دیگر پیشہ وارانہ امور کی جانب وزیرِ صحت کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل سے نہ صرف ڈاکٹرز کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز اور حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ینگ ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے اور ان مسائل کا حل بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے عملی اقدامات کے ذریعے مسائل کے پائیدار حل کو یقینی بنائے گی۔