یاسین ملک اور دیگر زیرِ حراست رہنماؤں کو قانونی اور انسانی حقوق سے مسلسل محروم رکھنا علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے، مشعال حسین ملک

یاسین ملک اور دیگر زیرِ حراست رہنماؤں کو قانونی اور انسانی حقوق سے مسلسل محروم رکھنا علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے، مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):زیر حراست کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک اور دیگر زیرِ حراست رہنماؤں کو قانونی اور انسانی حقوق سے مسلسل محروم رکھنا علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے، بروقت، ذمہ دارانہ اور مربوط عالمی مداخلت کی ضرورت ہے تاکہ انصاف کو برقرار رکھا جا سکے۔ پی ٹی وی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو معرکہ حق اور امن کی آواز قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ یاسین ملک کے کیس کو اس کے سنگین انسانی اور جغرافیائی سیاسی اثرات کے پیش نظر فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے یاسین ملک کے کیس کو مکمل طور پر بین الاقوامی بنانے کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انہیں منصفانہ ٹرائل کا حق دیا جائے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل پر عالمی خاموشی خطے میں انصاف اور امن کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کی سنگینی کو نظر انداز کرنا دور رس نتائج کا باعث بن سکتا ہے، اس کیس میں انصاف کی عدم فراہمی عالمی امن کی وسیع تر کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے اور پہلے سے حساس علاقوں میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے اپنے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے امن کے فروغ میں ان کے تاریخی اور باوقار کردار کو سراہا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو بین الاقوامی فورمز، بشمول عالمی عدالتِ انصاف میں اٹھائیں اور احتساب اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے تحقیقاتی کمیشن اور اقوامِ متحدہ کے زیرِ نگرانی متعلقہ اقدامات کی وکالت کریں۔

انہوں نے یاسین ملک کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر ایک خصوصی کارڈیک سہولت میں منتقل کرنے کی ضرورت ہے اور طویل تنہائی اور اہلِ خانہ سے رابطے کی کمی کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں بھارت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ اندرونی سماجی و معاشی چیلنجز کے باوجود سکیورٹی تعیناتیوں پر غیر متناسب وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں جو کشمیریوں کی مسلسل مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ یاسین ملک کے خلاف بھارت کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں جس سے ایک منصفانہ اور پرامن حل کی فوری ضرورت مزید واضح ہوتی ہے۔