ہلال احمر پاکستان اور ترک ریڈ کریسنٹ کے مابین شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتے ہوئے معاہدے پر دستخط

ہلال احمر پاکستان اور ترک ریڈ کریسنٹ کے مابین شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتے ہوئے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان اور ترک ریڈ کریسنٹ کے مابین شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتے ہوئے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کے مختلف اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو نقد مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ معاہدے پر سیکرٹری جنرل محمد عبیداللہ خان اور پاکستان میں ترک ریڈ کریسنٹ کی سربراہ بیضا ٹینر نے دستخط کیے جبکہ اس موقع پر چیئرپرسن فرزانہ نائیک بھی موجود تھیں۔ تقریب میں دونوں اطراف کے سینیئر عہدیداران اور پروگرام سٹاف نے بھی شرکت کی۔اس معاہدے کے تحت سندھ کے ضلع قمبر شہدادکوٹ، خیرپور میرس، گلگت بلتستان کے علاؤہ شگر اور آزا د کشمیر کے ضلع نیلم کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 2,000 مستحق گھرانوں کو نقد امداد فراہم کی جائے گی۔

فی خاندان 25,000 پاکستانی روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی فوری ضروریات پوری کر سکے۔ یہ منصوبہ اپریل تا اگست 2026 تک پانچ ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک کا کہنا تھا کہ دونوں نیشنل سوسائٹیوں کے مابین دیرینہ پائیدار شراکت داری قابل مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا باہمی تعاون انسانیت کو درپیش تکالیف کو کم کرنے اور کمزور طبقات کی فوری مدد کے مشترکہ عزم کا بہترین عکاس ہے۔ترک ریڈ کریسنٹ کی سربراہ بیضا ٹینر کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان کے مستحکم شراکت داری اہمیت کی حامل ہے۔ ہم ضرورت مند اور کمزور طبقات کی مدد کے لیے مشترکہ انسانی ہمدردی کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ شفاف طریقے سے مستحقین کا انتخاب اور مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ذریعے مستحق گھرانوں کو مؤثر ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔