ہر بچے کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

ہر بچے کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ابتدائی تعلیم بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور سماجی تربیت کی بنیاد ہوتی ہے اور یہی وہ مرحلہ ہے جہاں سے ایک مضبوط، بااعتماد اور کامیاب قوم کی تعمیر شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ ہر بچے کو ابتدائی عمر میں معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔وزارت اطلاعات و نشریات ، پارلیمانی سیکرٹری آفس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول کی ’’ارلی ایئرز گریجویشن تقریب 2026‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

Barrister Daniyal Chaudhry

بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی قوم کا اصل سرمایہ اس کے تعلیم یافتہ، باشعور اور باکردار نوجوان ہوتے ہیں اور اس کی بنیاد ابتدائی جماعتوں اور تعلیمی اداروں میں رکھی جاتی ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ اگر بچوں کو شروع سے ہی اچھی تعلیم، مثبت ماحول اور بہتر رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول میں صرف نصابی تعلیم پر توجہ نہیں دی جاتی بلکہ بچوں کی شخصیت سازی، تخلیقی صلاحیتوں، جستجو اور قائدانہ خصوصیات کو بھی فروغ دیا جاتا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ والدین، بچوں کی زندگی کے ابتدائی اور سب سے اہم اساتذہ ہوتے ہیں جن کی تربیت اور رہنمائی بچوں کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو قوم کے معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا استاد نہ صرف بچوں کو تعلیم دیتا ہے بلکہ ان کی شخصیت اور کردار کی تعمیر بھی کرتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بطور عوامی نمائندہ ملک میں ابتدائی تعلیم کے فروغ، معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ہر بچے کو بہتر تعلیمی آغاز فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باشعور شہری ہی پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی حقیقی ضمانت ہیں۔