گورنر فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات، مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی امور پر تبادلہ خیال

گورنر فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات، مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی امور پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 17 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش، پنجاب سے گندم کی ترسیل کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گندم اور سی این جی کی بندش سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب راہداری فراہم کرے تو خیبر پختونخوا سندھ سے گندم حاصل کر سکتا ہے، تاہم راہداری نہ ہونے کے باعث صوبے کو گندم مہنگے داموں مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خیبر پختونخوا کو گندم فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ملاقات میں سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، نو منتخب صوبائی وزیر شفیع جان اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبے میں پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشیا کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹیرینز کانفرنس کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار اس اہم کانفرنس کا انعقاد صوبے کے لیے اعزاز ہے۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے چیف سیکرٹری کو دیگر صوبوں کی پولیس کو دی جانے والی تنخواہوں اور مراعات کا جائزہ لے کر سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔