پشاور۔ 10 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادتوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے حملہ میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگرد صوبہ کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، خیبر پختونخوا پولیس بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔