پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبر پختونخوا کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت اور ہوپ آرگنائزیشن کے سی ای او سید زبیر الہی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید زبیر الہی نے خیبر پختونخوا میں موجود کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور نجی شعبے کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل اور جغرافیائی اہمیت کے باعث کاروبار اور سرمایہ کاری کےلیے انتہائی موزوں ہے، تاہم اس حوالے سے مزید سہولیات اور سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کےلیے سکیورٹی فورسز بہترین کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور معاشی استحکام کےلیے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے کاروباری برادری کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول میسر آئے جس سے خیبرپختونخوا مستقبل میں ایک اہم تجارتی مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
سید زبیر الہی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کاروباری طبقے کو خیبر پختونخوا کی طرف راغب کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ گورنرخیبر پختونخوا کی کوششوں سے صوبے کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔