گورنر خیبر پختونخواسے پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدرکی ملاقات،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

گورنر خیبر پختونخواسے پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدرکی ملاقات،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میاں منیر ہنس نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران میاں منیر ہنس نے گلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں، خصوصاً پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی سرگرمیوں اور کردار سے گورنر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ نہ صرف زرمبادلہ بھیج رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کر رہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کوشاں رہی ہے جبکہ اوورسیز چیپٹرز پارٹی کا اہم ستون ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ گلف ممالک میں پارٹی تنظیم کو مزید فعال بنایا جائے اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے۔ میاں منیر ہنس نے گورنر کو گلف میں پارٹی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت بھی دی۔