پشاور۔ 28 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کے روز وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسر ڈاکٹر محمد لطیف گوندل نے ملاقات کی اور تعلیم کے فروغ اور اداروں کو درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا ۔ ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں تعلیم کے فروغ اور اداروں کو درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیمی سہولیات کا دائرہ کار بڑھانا اور اداروں کو مظبوط کرنا صوبے کی آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان ہمارے خطے کی اہم درسگاہ ہے جس کی کامیابی اور اس کے مسائل کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے ،تعلیم کے میدان میں سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنا انتہائی ضروری ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد لطیف گوندل نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ، ہمارا مقصد اس مادر علمی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ۔گورنر نے وائس چانسلر کے جذبات کو سراہا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وائس چانسلر کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔