گورنر خیبرپختونخوا سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندے کی ملاقات ،بجلی کے شعبے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندے کی ملاقات ،بجلی کے شعبے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا مقصود انور خان نے ملاقات کی، ملاقات میں بجلی کے شعبے سے متعلق امور اور نیپرا کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہاں ملاقات کے دوران نیپرا کے ریگولیٹری کردار، بجلی کی قیمتوں کے تعین، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر صوبے میں بجلی کی فراہمی، لائن لاسز میں کمی اور صارفین کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی اہم امور زیر بحث آئے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نیپرا کا کردار بجلی کے شعبے میں شفافیت اور بہتری لانے میں نہایت اہم ہے، اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر ریگولیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے نہ صرف صارفین کے مسائل کم کیے جا سکتے ہیں بلکہ توانائی کے شعبے کو بھی مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔