پشاور۔ 15 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سےخیبرپختونخوا پولیس کے شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعہ کے روز گورنر ہائوس پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہائوس پشاور کے تر جمان کے مطابق تقریب میں صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ، اراکین صوبائی اسمبلی، کمشنر پشاور ریاض خان محسود، ڈی آئی جی ویلفئیر خیبرپختونخوا پولیس شیر اکبر،سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعیداورشہداء پولیس کے ورثاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں ورثاء کو تعریفی شیلڈز دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن قربانی، حوصلے اور عظمت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف طویل اور کٹھن جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا اور اپنے خون سے امن کی شمع روشن رکھی۔ گورنر نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ذریعے ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں تاہم ایسی مذموم کارروائیاں قوم اور سیکیورٹی فورسزکے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستانی افواج نے سپہ سالار فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس، سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشت گردی کے خلاف متحد کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پولیس جوانوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور آج کی تقریب شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے خاندانوں کو یہ یقین دلانے کے لیے منعقد کی گئی ہے کہ ریاست، حکومت اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے شہداء کے ورثاء کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹے پیدا کیے اور ان بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے محفوظ مستقبل کی خاطر یتیمی کا دکھ برداشت کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام جاری رکھے گی۔ ڈی آئی جی ویلفئیر خیبر پختونخوا پولیس شیر اکبر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور گورنر خیبرپختونخوا کو پولیس شہداء کے اعتراف میں پروقار تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔