گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ کی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت

گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ کی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت

گلگت۔ 19 مئی (اے پی پی):گلگت بلتستان میں گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(جی بی ڈی ایم اے)، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور محکمہ مواصلات و تعمیرات مکمل طور پر الرٹ رہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو مشکلات سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو یہ بھی حکم دیا کہ دور دراز علاقوں کی رابطہ سڑکیں کھلی رکھی جائیں تاکہ آمد و رفت متاثر نہ ہو۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔