مدینہ منورہ: نمایندہ نوائے وقت جاوید اقبال بٹ
کراچی سے آنے والی پہلی پاکستانی حج پرواز آج مدینہ منورہ پہنچی، جہاں 155 حجاج کرام کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو،اور ماتحت عملے نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔
حجاج کرام کی آمد پر پھول نچھاور کیے گئے اور تحائف پیش کیے گئے، جبکہ روایتی سعودی انداز میں دف کی تھاپ پر استقبالیہ نغموں نے روح پرور اور یادگار ماحول پیدا کر دیا۔
حجاج کو فوری طور پر مرکزیہ (مرکزی علاقہ) میں معیاری رہائش گاہوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کے آرام و سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ مزید برآں، حجاج کو آمد کے ساتھ ہی نسک کارڈز جاری کیے گئے تاکہ ان کی نقل و حرکت اور عبادات کی ادائیگی میں آسانی ہو۔
مہمان نوازی کے تحت حجاج کرام کو مشروبات، کھجوریں اور معیاری ناشتہ پیش کیا گیا۔ اعلیٰ حکام نے خود تمام انتظامات کی نگرانی کی تاکہ ہر مرحلے پر بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور پاکستان اور پاکستان حج مشن کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ تک تمام مراحل انتہائی منظم اور قابل تعریف رہے، جس سے ان کے مقدس سفر کا آغاز خوشگوار اور سہل بن گیا۔
حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کے لیے بھی اسی نوعیت کے بہترین اور مربوط انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔