ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی اٹلی کے بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی کے ساتھ اہم بریفنگ، ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے دوطرفہ تعاون پر اتفاق

ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی اٹلی کے بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی کے ساتھ اہم بریفنگ، ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے دوطرفہ تعاون پر اتفاق

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) ڈاکٹر عثمان انور نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کی زوم بریفنگ میں شرکت کی۔ بریفنگ اٹلی کے ’کارابینیری فار دی پروٹیکشن آف کلچرل ہیریٹیج‘ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی نے دی۔یہ ورچوئل سیشن وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کے فروری 2026ء میں دورہ اٹلی کے دوران طے پانے والی باہمی مفاہمت کے تسلسل میں منعقد کیا گیا۔ دورہ اٹلی کے دوران یہ اتفاق کیا گیا تھا کہ پاکستان اور اٹلی روم میں پاکستانی سفارت خانے کے فعال تعاون سے ثقافتی ورثے کی سمگلنگ اور چوری کی روک تھام کے لیے ایک منظم تعاون کا طریقہ کار وضع کریں گے۔مجوزہ تعاون کے فریم ورک میں انٹیلی جنس شیئرنگ، ماہرانہ تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہے تاکہ ثقافتی اثاثوں کو نشانہ بنانے والے بین الاقوامی جرائم کے خلاف ادارہ جاتی ردعمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔بریفنگ کے دوران بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی نے ثقافتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے اطالوی ’کارابینیری‘ کی جانب سے اختیار کردہ بین الاقوامی بہترین طریقوں اور آپریشنل حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔یہ زوم رابطہ دوطرفہ تعاون کے طریقہ کار کو فعال بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے ایف آئی اے اور اطالوی کارابینیری کے درمیان مسلسل ہم آہنگی، مشترکہ اقدامات اور علم کے تبادلے کی راہ ہموار ہوگی۔