اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نعمان اسلم شیخ نے عالمی یومِ دانشورانہ املاک 2026 کے موقع پرتمام شراکت داروں، موجدین، تخلیق کاروں، کاروباری افراد اور بالخصوص پاکستان بھر کی متحرک اسپورٹس کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ہفتہ کو وزارت تجارت کے مطابق عالمی یوم دانشورانہ املاک 2026 کے حوالے سے اپنے پیغام میں نعمان اسلم شیخ نے کہا کہ اس سال کا موضوع، ”IP and Sports: Ready, Set, Innovate!” نہایت بروقت اور حوصلہ افزا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کھیلوں کی دنیا صرف جسمانی مہارت تک محدود نہیں بلکہ اس میں تخلیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی، برانڈنگ اور جدت بھی شامل ہیں جنہیں دانشورانہ املاک کے ذریعے تحفظ اور فروغ حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک شاندار کھیلوں کی تاریخ رکھتا ہے، کرکٹ کے میدانوں سے لے کر ہاکی کے گراؤنڈز تک، اسکواش کورٹس سے عالمی اسٹیجز تک، ہمارے کھلاڑیوں نے مسلسل صلاحیت، ثابت قدمی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ان کامیابیوں کے پس منظر میں جدت کا ایک بڑھتا ہوا نظام موجود ہے جیسے اسپورٹس ٹیکنالوجی، کارکردگی کے تجزیاتی نظام، مرچنڈائز برانڈنگ اور میڈیا رائٹس جو سب دانشورانہ املاک سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ اسپورٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی انتہائی اہم ہے۔ سیالکوٹ مہارت اور جدت کی ایک روشن مثال ہے جہاں عالمی معیار کے فٹ بال تیار کیے جاتے ہیں جو بین الاقوامی ٹورنامنٹس، بشمول فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہو چکے ہیں۔
یہ کامیابی صرف ہنر مند کاریگروں کی بدولت نہیں بلکہ ڈیزائن حقوق، ٹریڈ مارکس اور معیار کی یقین دہانی جیسے عوامل کی مرہونِ منت ہے جو دانشورانہ املاک کے نظام کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے دانشورانہ املاک کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ کھیلوں سمیت دیگر شعبوں میں جدت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں، کاروباری افراد اور صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ وہ اپنے خیالات کا تحفظ کریں، مضبوط برانڈز قائم کریں اور عالمی منڈیوں میں اعتماد کے ساتھ مقابلہ کریں۔ ادارہ برائے حقوق دانش پاکستان اس عزم کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے کہ آگاہی کو فروغ دیا جائے، تحفظ کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جہاں جدت پروان چڑھے۔