اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ واساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اورطلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی سلامتی کے امور بشمول انسداد دہشت گردی اور انفارمیشن وارفیئر پر تفصیلی گفتگو کی اور خصوصی سیشن کے دوران طلبہ کےسوالات کے مدلل جوابات دئیے۔وائس چانسلرشفاء تعمیر ملت یونیورسٹی ڈاکٹرمحمد اقبال خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کےاستحکام اورسلامتی کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔
خصوصی نشست کے بعد شرکا کا کہنا تھا کہ خصوصی سیشن میں کئی ابہام دورہوئے اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا کےاستعمال سےمتعلق جامع آگاہی حاصل ہوئی۔معرکہ حق کی تاریخی فتح نے پاکستان کے وقار اور عالمی تشخص کومزید مستحکم اور بلند کیا،دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،نوجوانوں کوجعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور ہائبرڈ وارفیئر کے خطرات سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے،سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر یا معلومات کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی حقیقت اور مستند ذرائع سے تصدیق ناگزیر ہے۔
اساتذہ اور طلباء نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظرمسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔مختلف شہروں بالخصوص وزیرستان کے طلبہ نے خصوصی نشست کو مثبت اور موثر پیشرفت قرار دیتے ہوئے بھرپور سراہا۔