ڈینگی وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے تمام محکمہ جات کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا، خواجہ سلمان رفیق

ڈینگی وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے تمام محکمہ جات کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا، خواجہ سلمان رفیق

لاہور۔23مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ٹیکنیکل ورکنگ گروپ برائے ڈینگی وائرس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد عثمان فضل، پروفیسر ثمینہ، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن حکام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے چیئرمین ڈی ایگ پروفیسر خرم اور پروفیسر وسیم اکرم نے شرکت کی۔

اجلاس میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان، الائیڈ ون ہسپتال فیصل آباد،چلڈرن ہسپتال فیصل آباد، الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد، فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال، شاہدرہ ہسپتال لاہور، جنرل ہسپتال لاہور، میو ہسپتال لاہور، گنگارام ہسپتال لاہور، سید مٹھا ہسپتال لاہور، میاں منشی ہسپتال لاہور، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال لاہور، محمد نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال لاہور، جناح ہسپتال لاہور، سروسز ہسپتال لاہور، چلڈرن ہسپتال لاہور، نشتر ون ہسپتال ملتان، نشتر ٹو ہسپتال ملتان، چلڈرن ہسپتال ملتان، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال، سید محمد حسین ہسپتال ساملی مری اور ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس حضرات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودہ صورتحال اور تدارک کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرویلنس بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے تمام محکمہ جات کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا۔عوام اپنے گھروں، دکانوں اور دیگر مقامات پر صفائی کو یقینی بنائیں۔ہمیں فیلڈ میں سرویلنس کو تیز اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھانا کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فیلڈ سٹاف متحرک ہے۔فیلڈ میں بوگس کارکردگی پر ایکشن لیا جائے گا۔لاروا کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ڈینگی کی بوگس سرویلنس ناقابل برداشت ہے۔ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایاکہ والدین بچوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ صحت کے ساتھ باقی تمام محکمہ جات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پارکس اینڈ کلچر اور واسا سمیت دیگر اہم محکمہ جات کو محنت کرنی ہوگی۔ماسٹر ٹرینرز اینٹومولوجسٹس کی ریفرریشر تربیت کروائی جائے۔