اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان سیدال خان نے سینئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی سہیل ضیاء بٹ سے لاہور میں ملاقات کی۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سہیل ضیاء بٹ کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی اور بہتر صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی اور سیاسی تاریخ میں سہیل ضیاء بٹ جیسے تجربہ کار رہنماؤں کی خدمات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ان کا تجربہ قومی یکجہتی اور جمہوری تسلسل کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہے۔
ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی احترام اور خیرسگالی کا اظہار کیا گیا۔ سیدال خان نے سہیل ضیاء بٹ کی سیاسی و عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں جمہوری روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سہیل ضیاء بٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے دورے اور ان کی جانب سے خیریت دریافت کرنے اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اور اس کی قیادت ملک کے تجربہ کار سیاسی رہنماؤں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، خصوصاً ان شخصیات کے ساتھ جنہوں نے جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔