چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین سائی دو فنگ کی زیر قیادت چینی وفد کا ایوان بالا کی کارروائی کا مشاہدہ

چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین سائی دو فنگ کی زیر قیادت چینی وفد کا ایوان بالا کی کارروائی کا مشاہدہ

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین سائی دو فنگ کی زیر قیادت چینی وفد نے ایوان بالا کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران مہمانوں کی گیلری میں آمد پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کو خوش آمدید کہا کہ چینی وفد کی آمد پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور خیرسگالی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، غیر متزلزل یکجہتی اور مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاک چین تعاون مزید مضبوط ہوا ہے اور یہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے اعتماد اور استحکام کی علامت بن چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر 2010 کو اُس وقت کے چینی وزیراعظم وین جیا باؤ کا پارلیمنٹ کے مشترکہ خصوصی اجلاس سے خطاب پاک چین پارلیمانی اور سفارتی تعلقات کا ایک تاریخی سنگِ میل تھا۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے پارلیمانی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تبادلے باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے نیشنل پیپلز کانگریس آف چائنا کے چیئرمین کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی و تزویراتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔