چین میں کوئلہ کان دھماکہ،سپیکر قومی اسمبلی کا گہرے دکھ کا اظہار

چین میں کوئلہ کان دھماکہ،سپیکر قومی اسمبلی کا گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چین کے صوبہ شانشی میں واقع لیوشینیو کوئلہ کان میں ہونے والے المناک گیس دھماکے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہےجس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور برادر عوامِ چین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے اور خوشی و غم کے مشترکہ احساسات پر مبنی ہیں۔