چینی کمپنیوں کو کاروبار کے فروغ اور توسیع کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کابیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر میں تقریب سے خطاب

چینی کمپنیوں کو کاروبار کے فروغ اور توسیع کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کابیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر میں تقریب سے خطاب

بیجنگ۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک چین اقتصادی و تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے تعلقات کا فروغ پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا اہم ستون ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو اپنے کاروبار کے فروغ اور توسیع کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں چند ہفتے قبل اسلام آباد میں آئی بی آئی کے وفد کی میزبانی کرکے خوشی ہوئی اور انہوں نے کمپنی کو پاکستان میں اس کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پاکستان کے چار اہم ترین ترجیحی پروگراموں میں شامل ہیں، جنہیں حکومت تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔تقریب میں موجود نوجوان شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں باصلاحیت کاروباری شخصیات اور اپنے شعبوں کے ماہرین قرار دیا اور کہا کہ حکومتِ پاکستان نوجوانوں کو فنی تربیت اور مختلف شعبوں میں مہارتیں فراہم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور پاکستان چین تعاون ان کے قریبی روابط کے ذریعے مزید مستحکم ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب قائم پہلے خصوصی اقتصادی زون کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ایک نہایت امید افزا منصوبہ ہے، جہاں جدید بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس سے قبل آئی بی آئی پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال فینگتائی ڈسٹرکٹ کے پارٹی سیکریٹری وانگ شاؤفینگ اور آئی بی آئی کے صدر چیان شیاو جون نے کیا۔چین پاکستان صنعتی تعاون کے فروغ اور سرحد پار صنعتی راہداریوں سے متعلق اجلاس میں 150 سے زیادہ کمپنیوں اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی