چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے نیا ججز روسٹر جاری

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے نیا ججز روسٹر جاری

لاہور۔22مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر پیرسے نو ڈویژن بنچز سول اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کریں گے جبکہ اہم اور فوری نوعیت کے مقدمات پر26 سنگل بنچز کیسز سنیں گے۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے نیا ججز روسٹر جاری کر دیا ہے جو4 جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔ جاری کردہ روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ پر 7 ڈویژن بنچز سول اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کریں گے جبکہ ٹیکس، بینکنگ اور کمرشل اپیلوں کیلئے 2 خصوصی ڈویژن بنچز پیرسے جمعہ تک مقدمات سنیں گے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم بنچ ٹیکس اور کمرشل اپیلیں سنے گا، جسٹس شہباز رضوی انسداد دہشت گردی کیسز، جسٹس فیصل زمان خان سول اپیلوں، جسٹس شہرام سرور چوہدری قتل اور اقدام قتل سمیت فوجداری اپیلوں جبکہ جسٹس فاروق حیدر منشیات کیسز کی اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ روسٹر کے مطابق جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس ملک اویس خالد کی سربراہی میں بھی سول اپیلوں کیلئے دو رکنی بنچز قائم کیے گئے ہیں جبکہ جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں بنچ ٹیکس ریفرنسز اور بینکنگ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔