چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو برطانیہ کی معروف قانونی تنظیم دی آنرایبل سوسائٹی آف دی انر ٹیمپل کا اعزازی بینچر مقرر کر دیا گیا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو برطانیہ کی معروف قانونی تنظیم دی آنرایبل سوسائٹی آف دی انر ٹیمپل کا اعزازی بینچر مقرر کر دیا گیا

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو برطانیہ کی تاریخی و معروف قانونی تنظیم دی آنرایبل سوسائٹی آف دی انر ٹیمپل (Hon’ble Society of the Inner Temple) کا اعزازی بینچر مقرر کر دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے برطانیہ کی کنگز کونسل بیرسٹر سائرہ کبیر شیخ نے پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس سے ملاقات کی اور انہیں باضابطہ طور پر اس اعزاز سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران بیرسٹر سائرہ کبیر شیخ نے چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور انر ٹیمپل کے درمیان موجود قانونی و عدالتی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ملاقات میں صدر اور سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل (ریفارمز) سپریم کورٹ اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن بھی موجود تھے۔

گفتگو کے دوران عدالتی تعلیم، وکلاء و ججز کی پیشہ ورانہ تربیت، جاری تعلیمی پروگرامز اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے روابط عدالتی نظام میں بہترین عملی تجربات کے تبادلے اور استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چیف جسٹس نے انر ٹیمپل کے قانونی تعلیم کے اعلیٰ معیار اور بین الاقوامی قانونی برادری کے درمیان روابط کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان بین الاقوامی قانونی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے، خصوصاً تربیت، اصلاحات اور علمی تبادلے کے شعبوں میں۔یہ ملاقات سپریم کورٹ آف پاکستان کے عالمی قانونی اداروں کے ساتھ مسلسل روابط اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے اس کے وسیع تر وژن کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔