اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے بانی ثاقب علی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں شامل نوجوان طلباء و طالبات نے اپنے فورم کے تحت جاری مختلف سرگرمیوں سے متعلق چیئرپرسن کو آگاہ کیا جن میں بالخصوص خواتین کی بااختیاری، سماجی شعور اور آگاہی کے فروغ سے متعلق اقدامات شامل تھے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے درست سمت کا تعین اور باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں مؤثر رہنمائی اور بروقت آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کی شناخت اور معاشی خودمختاری کے فروغ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وفد پر زور دیا کہ وہ عام عوام میں بی آئی ایس پی کے مثبت کردار اور اقدامات کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کریں۔