اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو پولیو کے خاتمے کی کوآرڈینیٹر اور فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی کے مشروط مالی معاونت کے پروگرام،’’بینظیر نشوونما‘‘ کو نیشنل الیکٹرانک ایمونائزیشن رجسٹری (NEIR) کے ساتھ منسلک کر کے بین الادارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اقدام سے ملک بھر میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے بچوں کے لئے حفاظتی ٹیکہ جات کی مکمل کوریج کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اداروں کے درمیان مربوط کوششوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے سرٹیفکیٹ کی فراہمی پہلے ہی لازمی قرار دی جا چکی ہے۔دونوں فریقین نے ڈیٹا کے تبادلے کے لئے ایک مضبوط طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا اور اس منصوبے کے موثر نفاذ کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں اداروں کی تکنیکی ٹیمیں اس شراکت داری کو پائیدار اور بااثر بنانے کے لئے تفصیلی مشاورت کریں گی تاکہ عملی طریقہ کار اور ایک منظم فریم ورک کو حتمی شکل دی جا سکے۔