اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ترقی پسند اصلاحات متعارف کرانے اور تاجر وں ورہائشیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ جس نے انہیں اپنے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کاروباری شعبے کو درپیش اہم مسائل بارے آگاہ کیا۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین نے یقین دلایا کہ کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ، شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسلام آباد کو ایک متحرک، سرمایہ کار دوست شہر میں تبدیل کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کمرشل ایریاز کی اسکائی لائن کو بلند کرنے، شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے اور اسلام آباد کو ایک مسابقتی علاقائی اقتصادی مرکز کے طور پر مقام دلانے کے لیے جامع شہری منصوبہ بندی کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے وفد نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر چیئرمین کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی قیادت اور وژن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وفد میں چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ طارق صادق، سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور آئی سی سی آئی عبدالرؤف عالم، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری اور آئی سی سی آئی رئیل اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین اسرار الحق مشوانی شامل تھے۔
اس موقع پر سردار طاہر محمود نے سی ڈی اے کے چیئرمین کو کاروباری برادری کو درپیش اہم چیلنجز، خاص طور پر ریگولیٹری فریم ورک، شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کی رکاوٹوں سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد ایک اہم علاقائی اقتصادی مرکز کے طور پر ابھرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے بشرطیکہ فعال اور کاروبار دوست پالیسیوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر فلور ایریا ریشو (ایف اے آر) کو معقول بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی جس سے ریئل اسٹیٹ اور تجارتی شعبوں میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری آئے گی۔
انہوں نے فروٹ اینڈ ویجیٹبل مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کی فوری ضرورت کو بھی اجاگر کیا جو جڑواں شہروں اور ملحقہ علاقوں کی ایک اہم فوڈ سپلائی چین ہے۔ اس موقع پر فریقین نے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے قریبی رابطہ کاری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور اسلام آباد کو ایک ماڈل کیپٹل سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔