اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ازبکستان کے سفیر علیشر توختائف کے ہمراہ فیصل ایونیو پر زیر تعمیر بابر پارک کا دورہ کیاجہاں انہیں بتایا گیا کہ ازبکستان کے ڈیزائنر کے تعاون سے بننے والے پارک کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا،بابر پارک کا شمار اسلام آباد کے بہترین پارکس میں ہوگا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ عبداللّٰہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس بشرا راؤ سمیت دیگر سینئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔دورہ میں زیر تعمیر بابر پارک کے ڈیزائن اور تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ بابر پارک کے تعمیراتی کام ازبکستان کے ڈیزائنرز اور ماہرین کی نگرانی میں سر انجام پا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارک کے ماحول کو خوبصورت بنانے کیلئے ماحول دوست شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ کی جائیگی،پارک کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا،بابر پارک کا شمار اسلام آباد کے بہترین پارکس میں ہوگا۔ازبک سفیر نے کہا کہ بابر پارک ازبک حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خاص تحفہ ہے،یہ منصوبہ ازبکستان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دائمی دوستی، بھائی چارے اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی رشتوں کی روشن علامت بنے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے بابر پارک منصوبے کے ڈیزائن اور لے آؤٹ پلان کو سراہا۔بابر پارک کے ڈیزائن و تعمیر میں معاونت فراہم کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے نے ازبک حکومت اور ازبک سفیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بابر پارک کی تعمیر کے حوالے سے سی ڈی اے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات انتہائی گہرے اور مضبوط ہیں۔
بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے ازبک سفیر کے ہمراہ تاشقند روڈ کا بھی دورہ کیا،پاک ازبک کے تاریخی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ شاہراہ کا نام تاشقند روڈ رکھا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تاشقند روڈ کی بیوٹیفکیشن پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ملکر بیوٹفکیشن اور اپ لفٹنگ کے کاموں کے خواہاں ہیں،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شہری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور شہری خوبصورتی اور ترقی کے شعبے میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔